کیا آپ کسی سائکوپیتھک کو جانتے ہیں؟
جب عام لوگ سائیکوپیتھز کے بارے میں سوچتے ہیں تو ان کے ذہن میں ان عادی مجرموں اور سیریل کلرز کا تصور ابھرتا ہے جو اپنی زندگی کا بڑا حصہ کسی جیل میں گزارتے ہیں لیکن ماہرینِ نفسیات جانتے ہیں کہ سائیکوپیتھز میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو دنیاوی طور پر مالدار زندگی گزارتے ہیں لیکن اخلاقی طور پر بینک کرپٹ ہوتے ہیں کیونکہ وہ بے ضمیر ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں میں بہت سے بظاہر کامیاب انجینیر‘ ڈاکٹر‘ وکیل‘ بزنس مین‘ مذہبی اور سیاسی رہنما شامل ہوتے ہیں۔ بعض بین الاقوامی کمپنیوں کے صدر اور ڈائرکٹر اور بعض تو ملک کے صدر اور وزیر بھی بن جاتے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسے لوگوں میں شخصیت کی ایسی کیا کجی ہوتی ہے جو ایک طویل عرصے تک لوگوں کی نگاہ سے اوجھل رہتی ہے۔ ایسے لوگوں کی جاہرانہ اور ظالمانہ’ غیر مہذب اور غیر اخلاقی حرکات اپنے خاندانوں اور معاشروں کے لیے بہت سے جذباتی اور معاشرتی مسائل کھڑے کرتی رہتی ہیں۔ بدقسمتی سے ایسے انسان نہ تو کوئی شرم محسوس کرتے ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی احساسِ جرم یا احساسِ گناہ ہوتا ہے۔ وہ اپنی تمام غیر اخلاقی اور پرتشدد حرکات ک...